ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے گلی باغ والی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان سلمان محسود جاں بحق جبکہ دوسرا نوجوان انس محسود شدید زخمی ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں نوجوان اپنے دادا ملک غلام خان کے انتقال کے بعد بازار سے کفن و دفن کے سامان کی خریداری کے لیے جا رہے تھے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور دونوں نوجوانوں کا موٹر سائیکل بھی ساتھ لے گئے۔
واقعے کے بعد پولیس حرکت میں آ گئی۔ ایس پی علی حمزہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور مجرمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
دونوں نوجوانوں کا تعلق جنوبی وزیرستان کے علاقے اوسپاس سے بتایا جا رہا ہے۔