قلات اور نوشکی میں فائرنگ،4 پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد جاں بحق

بلوچستان کے ضلع قلات اور نوشکی میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد جاں‌بحق ہوگئے.

فائرنگ کا پہلا واقعہ ضلع قلات کے علاقے منگچر میں پیش آیا.

اسسٹنٹ کمشنر منگچر علی گل کے مطابق کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے منگچر کی ملنگ زئی میں ٹیوب ویل کی تنصیب پر کام کرنے والے مزدوروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

انہوں نے بتایاکہ جاں بحق افراد کا تعلق صادق آباد صوبہ پنجاب سے تھا۔ لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد صادق آباد روانہ کردیا گیا۔

فائرنگ کا دوسرا واقعہ ضلع نوشکی میں پیش آیا جہاں پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں 4 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق غریب آباد کے قریب پولیس موبائل پرحملہ اُس وقت ہوا جب وہ گشت کررہی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے 4 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں اسپتال منتقل کردی گئیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے نوشکی میں پولیس موبائل پر حملے اور مزدوروں کے قتل کی مذمت کی اور کہاکہ پولیس اہلکاروں اوربےگناہ مزدوروں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نےمنگچر میں مزدوروں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی اور واقعے میں جاں بحق 4 مزدوروں کی بلندی درجات کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ہم غریب محنت کش مزدوروں کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، غریب مزدوروں اور محنت کش افراد کو نشانہ بنانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں