بگن نقصانات سروے مکمل،ضلعی انتظامیہ کرم نےصوبائی حکومت سے 60 کروڑ روپے مانگ لئے

پاڑہ چنار(ویب ڈیسک)ضلع کرم کی انتظامیہ نے بگن میں ہونے والے نقصانات کا سروے مکمل کرنے کے بعدصوبائی حکومت سے 60 کروڑ روپے مانگ لئے ہیں.

حکام کا کہنا ہے کہ بگن میں 700 دکانوں اور 300 سے زیادہ گھروں کو نقصان پہنچا، 2 پیٹرول پمپس، 12 گاڑیاں اور 200 جانوروں کو بھی نقصان پہنچا۔

نقصانات سے متعلق کمشنر کوہاٹ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے،کمیٹی نقصانات کی تصدیق، رقوم کی تقسیم اور دیگر معاملات دیکھے گی۔ کمیٹی میں ڈی سی کرم، ڈی جی پی ڈی ایم اے اور دیگر اداروں کے اہلکار شامل ہیں.

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہناہے کہ کرم میں امن قائم ہو گیا ہے، بنکرز گرانےکا عمل جاری ہے، بگن میں متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت مورچوں کو ختم کیا جائے گا، فریقین اسلحہ جمع کرانےکا طریقہ کار حکومت کے پاس جمع کرائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کرم میں امن معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائےگا، ٹل پارا چنار روڈ کھولنے کے لیے اقدامات جاری ہیں .

واضح رہے کہ کرم کو اشیائے خورونوش، ادویات اور دیگر سامان کی فراہمی جاری ہے، چند ہفتوں کے دوران سینکڑوں ٹرکوں کے ذریعے سامان کرم بھیجوایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں