نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ(این ڈی ایم) کے چیئرمین اور سابق ممبرقومی اسمبلی محسن داوڑ نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں پر لاء انفورسمنٹ ایجنسیز کا پرتشدد حملہ قابل تشویش اور قابل مذمت ہے، احتجاج کا حق سب کو ہے۔
ڈی چوک پر تحریک انصاف کے کارکنان کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اپریشن پر اپنے جاری بیان میں چیئرمین این ڈی ایم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے ماضی میں ہم پر حملوں کو جائز قرار دیا لیکن ہم ایسا نہیں کریں گے۔ اس حملے میں پی ٹی آئی کے جن کارکنان کو مارا گیا ہے ہم ان کے لواحقین کے سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
محسن داوڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو بہانہ بنا کر افغان مہاجرین کو ہراساں کرنا قطعاً قابل قبول نہیں ہے۔ افغان مہاجرین کو نشانہ بنانا اور انہیں قربانی کا بکرا بنانا پاکستان میں معمول بن چکا ہے جو کہ شرمناک ہے اور بین الاقوامی قوانین اور کنونشنز کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ 26 نومبر کی رات کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسلام آباد کے ڈی چوک میں احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف اپریشن کیا تھ.ااسلام آباد کے دو سرکاری ہسپتالوں پولی کلینک اور پمز نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو تصدیق کی تھی کہ وہاں چھ لاشیں لائی گئی تھیں۔ یہ بھی معلوم ہوا تھا کہ پولی کلینک میں لائی جانے والے لاشوں پر گولیوں کے نشان تھے.