ٹانک میں‌پولیس وین پر فائرنگ میں‌دو اہلکار جاں‌بحق

ضلع ٹانک کے علاقے پٹھان کوٹ کے قریب پولیس وین پر حملے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے.

پولیس ذرائع کے مطابق پولیس وین حسب معمول گشت پر تھی کہ پٹھان کوٹ موڑ پر زیر تعمیر چوکی کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔

حملہ میں 2 اہلکار جاں بحق جبکہ 3 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔جاں بحق ہونے والوں میں انچارج فریداللہ اور کانسٹیبل آیاز جبکہ زخمی ہونے والوں میں کانسٹیبل عصمت اللہ، کانسٹیبل عالمگیر اور ڈرائیور فاروق شامل ہیں۔

حملے میں جاں بحق اور زخمی اہلکاروں کو سول ہسپتال ٹانک منتقل کر دیا گیا ہے.

پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا۔واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کیلئے سرچ اپریشن شروع کردیا ہے۔