حکومت کا پی‌ٹی آئی پر پابندی لگانے کافیصلہ

وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہا کہ بہت ہو گیا ملک کے ساتھ کھلواڑ، اگر ملک کو ترقی کی راہ پر لے کر چلنا ہے تو پاکستان اور پی ٹی آئی ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ، 9 مئی کے حملے، سائفر کیس اور امریکہ میں قرارداد کی منظوری کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت پی ٹی آئی پر پابندی کے لیے درخواست دائر کرے گی۔

عطا تارڑ کے مطابق ’ہمارے پاس درخواست دائر کرنے کے حوالے سے ٹھوس دلائل موجود ہیں۔ تحریک انصاف نے غیرآئینی طور پر اسمبلیوں کو توڑا۔ آئی ایم ایف کو خط لکھنا پی ٹی آئی کے ملک دشمن ایجنڈے کا حصہ تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان، سابق سیپکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور سابق صدر عارف علوی کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمات درج کرائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کابینہ سے منظوری کے بعد ریفرنس سپریم کورٹ کو بھیجا جائے گا۔ فیصلہ حکومت نے اتحادیوں سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔

طااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے آنے والے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی اپیل دائر کی جائے گی۔ پاکستان مسلم لیگ ن اور حکومت کی اتحادی جماعت مل کر یہ ریویو پٹیشن دائر کریں گی۔