سینیٹ الیکشن،مراد سعید، اعظم خان اور محمود خان کے کاغذات نامزدگی مسترد

الیکشن کمیشن آف پاکستان نےسینیٹ الیکشن کےلئے مراد سعید، اعظم خان اور محمود خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے ہیں۔

جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ سینیٹ انتخابات کے لیے خیبرپختونخوا سے 42 میں سے 30 امیدواروں کے کاغذات درست قرار جبکہ 12 کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں 7 جنرل نشستوں کے لیے 16 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیے گئے ہیں۔

خواتین کی 2 نشستوں کے لیے 6 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست جبکہ ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں کے لیے 8 امیدواروں کے کاغذات درست قرار دیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے وہ 21 مارچ تک الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ 14 مارچ کو الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی 48 نشستوں پر 2 اپریل کو انتخابات کرانے کا شیڈول جاری کیا تھا۔