اسلام آباد ہائیکورٹ نےشہریار آفریدی کیس میں ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد عرفان نواز میمن کو گرفتار کر کے کل صبح 9 بجے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی کو عدالتی احکامات کے خلاف گرفتار کرنے کے لیے دوبارہ ایم پی او آرڈر جاری کرنے پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔
دوران سماعت ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل نے عمرہ پر جانا ہے، ان کو والدہ نے کہا تھا، عرفان نواز میمن اسی لیے ابھی خیر پور میں ہیں۔
عدالت نے ڈی سی اسلام آباد کی آج حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کردی۔ جسٹس بابر ستار نے اسفتسار کیا کہ کیا کل عدالت نے عرفان نواز میمن کی درخواست منظور نہیں کی تھی۔
وکیل شاہ خاور نے عدالت کو بتایا کہ عرفان نواز میمن کو والدہ نے حکم دیا تھا کہ عمرہ ادائیگی کے لیے جانا ہے، والدہ کے حکم پر ڈپٹی کمشنر عمرہ ادائیگی کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
جسٹس بابر ستار نے اسفتسار کیا کہ اس عدالت کو آگاہ کیے بغیر روانہ ہو گئے؟ جس پر وکیل شاہ خاور نے جواب دیا، ’جی والدہ کا حکم تھا۔‘
جسٹس بابر ستار نے سوال کیا کہ ڈپٹی کمشنر اس وقت کہاں ہیں تو شاہ خاور نے جواب دیا کہ وہ اس وقت خیرپور میں ہیں۔
جج جسٹس بار ستار نے ڈی سی اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کیس کا چار صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کردیا۔
عدالت نے ڈی سی اسلام آباد کو گرفتار کر کے کل صبح 9 بجے پیش کرنے کا حکم دیا اور ساتھ ہی ان نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی بھی ہدایت کی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم میں کہا کہ ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن ملک سے باہر نہ جا سکیں۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی پاسپورٹس، ڈی سی اسلام آباد کا نام ای سی ایل پرڈالنا یقینی بنائیں۔
حکم نامے میں عدالت نے قرار دیاکہ استثنیٰ درخواست نامنظوری کے باوجود پیش نہ ہوکر ڈی سی نے بادی النظرمیں توہین عدالت کی لہٰذا نظام انصاف میں رکاوٹ بننے پرکیوں نہ ڈی سی اسلام آباد کےخلاف کارروائی کی جائے۔
عدالت کا کہنا ہے کہ ڈی سی اسلام آبادکی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کل منظورنہیں کی تھی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ آئی جی اسلام آباد دوسروں صوبوں کے ساتھ مل کر وارنٹ پرعمل کروائیں، ائیرپورٹ، سی پورٹ یا بارڈرکراسنگ پرڈی سی اسلام آباد نظرآئیں توگرفتارکرکے پیش کریں۔