نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی ہدایت پر صوبے میں ہیلتھ کارڈ کے اجراء کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں.
محکمہ صحت بلوچستان کے حکام کے مطابق بلوچستان میں ہیلتھ کارڈ کی رجسٹریشن کا عمل بھی شروع ہوگیا ہے جبکہ کوئٹہ میں سینار اسپتال ، شیخ زید اسپتال ، اکرم اسپتال اور ساجد اسپتال سمیت دیگر اسپتالوں میں ہیلتھ کارڈ بوتھ قائم کردئیے گئے ہیں.
حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے رہائشی افراد کا شناختی کارڈ ہی ہیلتھ کارڈ ہوگا اور بلوچستان کے شہری ہیلتھ کارڈ کی رجسٹریشن کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8500 پر سینڈ کرکے با آسانی رجسٹر ہوسکتے ہیں.
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کا کہنا ہےکہ عوام کو سرکاری سطح پر صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں.
انہوںنے کہا کہ نگران حکومت کے قیام کے ساتھ ہی محکمہ صحت کو اس ضمن میں زیر التواء امور پر کام تیز کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی اور الحمدللہ بلوچستان ہیلتھ کارڈ سے متعلق تمام اقدامات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے اور بہت جلد ہیلتھ کارڈ کا اجراء شروع ہو جائے گا۔