بارکھان،کنویں سے 3 لاشیں ملنے کا کیس،سردار عبدالرحمن کھیتران کے بھتیجے کی ضمانت منسوخ

ضلع بارکھان میں کنویں سے خاتون سمیت 3 افرادکی لاشیں ملنےکےکیس میں سابق صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کے بھتیجے اور ضلع چیئرمین سردار زادہ غفورخان کی ضمانت خارج ہوگئی۔

آج بارکھان میں کنویں سے ایک خاتون سمیت تین افراد کی لاشیں ملنےکےکیس کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ بارکھان میں سماعت ہوئی۔

کیس میں ڈسٹرکٹ چیئرمین سردار زادہ غفور خان کھیتران سیشن جج کی عدالت میں پیش ہوئے، سیشن کورٹ نےکیس میں ڈسٹرکٹ چیئرمین بارکھان سردار زادہ غفور کھیتران کی ضمانت منسوخ کردی۔

ضمانت منسوخی پر پولیس نے انہیں گرفتار کرکے کرائم برانچ کے حوالے کردیا۔

اسی کیس میں ایک اور ملزم سردار زادہ رؤف شاہ کھیتران کو عدم حاضری کی بناء پر اشتہاری قرار دے دیا گیا۔

یاد رہے کہ ایک سال قبل حاجی کوٹ گاؤں کے قریب کنویں سےخاتون سمیت تین افراد کی مسخ شدہ لاشیں ملی تھیں۔کنویں سے ملنے والی دو لاشوں کی شناخت خان محمد مری کے بیٹوں کے طور پر ہوئی تھی۔

اسی کیس میں سابق صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران بھی گرفتار ہوئے تھے جوکہ ضمانت پر ہیں۔