شمالی وزیرستان،رزمک میں حالات کشیدہ،ایف سی کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی

زاہد وزیر/خانزیب محسود

شمالی وزیرستان کی تحصیل رزمک میں وزیرستان آزادی جیپ ریلی کا راستہ روکنے پر فرنٹیر کور (ایف سی) نے اتمانزئی جرگہ پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہوگئے۔

مقامی زرائع کے مطابق زرمک میں حالات اس وقت کشیدہ ہوگئے جب پشاور سے آنے والی وزیرستان آزادی جیپ ریلی میرانشاہ سے ہوتے ہوئے رزمک میں داخل ہونے لگی اوراتمانزئی جرگہ نے مہاجر بازار میں ریلی کا راستہ روک دیا جس پر ایف سی کی جانب سے لوگوں کو منتشر کرنے کےلئے فائرنگ کی گئی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگئے اور متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچ گیا ہے۔

مقامی زرائع نے نیوز کلاؤڈ کو بتایا کہ وزیرستان جیپ ریلی کا قافلہ میرانشاہ واپس کردیا گیا اور ریلی کے شرکاآج رات میرانشاہ میں قیام کریں گے۔

یادرہے کہ اتمانزئی جرگہ نے کل ضلع بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے راستوں اور بازروں میں کالے جنڈے لگائے جائیں گے اور جشن آزادی کے پروگراموں میں شرکت کرنے والے افرادپر جرمانہ عائد کیاجائیگا۔

اس سے قبل اتمانزئی جرگہ نے علاقے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر پولیو کا بائیکاٹ بھی کیا ہے۔

دوسری جانب آج کابل خیل کے مشران اور نوجوانوں‌نے جی او سی سیون ڈویژن میجر جنرل نعیم اختر کے ساتھ ملاقات کی۔سرکاری اعلامیے کے مطابق مشران اور یوتھ نے رزمک اتمانزئی جرگہ کی مذمت کی.