کوئٹہ،نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سینئروکیل عبدالرزاق شر جاں بحق

صوبائی دارلحکومت کوئٹہ کے علاقے عالمو چوک پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے سپریم کورٹ کے سینئر وکیل عبدالرزاق شر کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق وکیل عبدالرزاق شر اپنے ایک کزن کی گاڑی میں گھر سے ہائی کورٹ جا رہے تھے کہ ان پر ایئر پورٹ روڈ پر عالمو چوک پر3 موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔

ورثا کی درخواست پر پوسٹ مارٹم نہیں کیا گیا تاہم چیک کرنے سے معلوم ہوا کہ انھیں مجموعی طور پر 16گولیاں لگی ہیں جو دائیں اور بائیں جانب سے فائر کی گئی تھی۔

کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابد کاکڑ واقعے کی اطلاع ملتے ہی دیگر سینیئر وکلا کے ہمراہ سول اسپتال پہنچے جہاں انھوں نےمیڈیا کو بتایا کہ واقعے کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لے رہے ہیں جبکہ واقعے کے خلاف بلوچستان ہائیکورٹ، سیشن کورٹ اور ضلعی کچہری میں مکمل بائیکاٹ کے ساتھ ساتھ 3 روزہ یوم سوگ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

سینئر وکیل میر عطااللہ نےمیڈیا کو بتایا کہ عبدالرزاق شر نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسمبلی تحلیل کرنے کے اقدام کو چیلنج کر رکھا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ وکیل نے ایک اور پٹیشن بھی فائل کی تھی جس میں انھوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کی جان کو خطرہ لاحق ہے اور انھیں تحفظ فراہم کیا جائے لیکن حکومت کی جانب سے انھیں تحفظ فراہم نہیں کیا گیا اور افسوس ناک واقعہ رونما ہوا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے عبدالرزاق کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور واقعہ کا نوٹس لیا۔

آئی جی بلوچستان سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ واقعہ کے تمام پہلؤؤں کا جائزہ لے کر فوری رپورٹ پیش کی جاۓ اور ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جاۓ۔