چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان عوامی پارٹی(بی اے پی) کی کسی دوسری جماعت میں ضم کرنے کی زیر گردش افواہوں کی تردید کردی ۔
وزیراعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تفصیلی غور کیا گیا جبکہ بی اے پی کے تنظیمی امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے بعد جاری اعلامیہ میں دونوں رہنماؤں نے بی اے پی کی کسی دوسری جماعت میں ضم کرنے کی زیر گردش افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے۔
سینیٹر محمد عبدالقادر اور سینیٹر کہدہ بابر بھی ملاقات میں موجود تھے۔
دونوں رہنماؤں نے واضح طور پر اعلان کیا کہ آئندہ انتخابات میں بی اے پی اپنی آزاد اور مستحکم حیثیت میں حصہ لے گی تاہم حالات اور انتخابی ماحول کے مطابق دیگر سیاسی جماعتوں سے اتحاد اور سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا آپشن رکھا جائے گا۔
وزیر اعلٰی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کی سب سے بڑی اور کثیر عوامی حمایت کی حامل سیاسی جماعت ہے۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارٹی کی ضلع اور یونین کونسل سطح تک تنظیم نو کی جائے گی۔ کارکن پارٹی کااثاثہ ہوتے ہیں لہذا ان کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی اور سرپرستی کی جائے گی۔
ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو بھی اعتماد میں لینے سمیت پارٹی کو صوبے کے ساتھ ساتھ ملکی سطح پر بھی متحرک و فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔