قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو القادر ٹرسٹ کیس کی تحقیقات کے لیے کل بروز جمعرات کو ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں طلب کرلیا۔
القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کو نیب کی طرف سے تین صفحات پر مبنی نوٹس ارسال کیا گیا۔
جارہ کردہ نوٹس میں پی ٹی آئی عمران خان کو کل صبح 10 بجے نیب روالپنڈی میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹس میں عمران خان سے 20 نکات پر مشتمل سوالات کے دستاویزات ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے اور حکومتِ پاکستان کی جانب سے دستخط کی گئی خفیہ معاہدے کے دستاویزات بھی ساتھ لانے کا کہا گیا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کو ملک ریاض فیملی اور این سی اے کے درمیان ہونے والے معاہدے کی تفصیلات بھی لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نیب نے پی ٹی آئی چیئرمین کو حکومتِ پاکستان اور این سی اے کے درمیان ہونے والی خط و کتاب کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان اور ایسٹ ریکوری یونٹ کے درمیان ہونے والی خط و کتابت کا ریکارڈ بھی ساتھ لایا جائے جبکہ القادر یونیورسٹی کی تعمیر اور معاہدے سے متعلق دستاویزات بھی فراہم کی جائیں۔