خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں تھانہ یونیورسٹی کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی شدید زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کاروائی میں اہم کمانڈر سمیت 2 حملہ آور ہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ڈی ایس پی عابد اقبال کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ علاقے میں سر چ اپریشن جاری ہے۔
ڈی پی او عبدالرؤف بابر قیصرانی نے میڈیا کو بتایا کہ پولیس مقابلہ میں مارے جانے والے دونوں دہشت گردوں کی شناخت اقبال عرف بالی کھیارہ اور فیصل کے نام سے ہوئی۔
پولیس کے مطابق بالی کھیارہ پر سیکیورٹی فورسز، پولیس اور دیگر فرقہ وارانہ مقدمات بھی تھے جبکہ وہ کالعدم تنظیم کا مقامی کمانڈر تھا۔
بالی کھیارہ کو مارنے پر خیبر پختونخوا حکومت نے 60لاکھ روپے اور پنجاب حکومت نے 30 لاکھ روپے انعام رکھا تھا۔