وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور اسلام آباد میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق مفتی عبدالشکور میریٹ ہوٹل سے سیکرٹریٹ چوک کی طرف جارہے تھے تو ہائی لکس ریوو جس میں 5 افراد سوار تھے نے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری۔
وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا عبدالشکور سڑک حادثہ میں جاں بحق ہوگئے۔
مولانا عبدالشکور میریٹ سے سیکرٹریٹ چوک کی طرف جارہے تھے۔
ہائی لکس ریوو جس میں پانچ آدمی سوار تھے نے مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری۔⏬
— Islamabad Police (@ICT_Police) April 15, 2023
پولیس نے بتایا کہ مفتی عبدالشکور کو شدید زخمی حالت میں پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے۔پولیس نےگاڑی اور اس میں سوار افراد کو حراست میں لیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور کی ٹریفک حادثے میں ہلاکت پر پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم نے مفتی عبدالشکور کے اہل خانہ اور تمام وابستگان سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے بھی وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مولانا عبدالشکور کی ہلاکت پر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کو حادثے کی مکمل تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام کے رہنما و وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور حلقہ این اے 51 سے متحدہ مجلس عمل کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔جے یو آئی کے میڈیا سیل کے مطابق مولانا عبدالشکور کی نماز جنازہ کل اتوار کو دوپہر دو بجے تاجبی خیل لکی مروت میں ادا کی جائے گی۔