بٹگرام : ہندو تاجر کی عید الفطر پر کپڑوں کی قیمت میں 50 فیصد رعایت

خیبر پختونخوا کے ضلع بٹگرام میں ایک ہندو تاجر نےعیدالفطر کے لئے کپڑوں کی قیمتوں میں 50 فیصد کمی کردی۔

رام ناتھ کلاتھ ہاؤس کے مالک جیکی کمار نے میڈیا کو بتایا کہ کپڑوں کی خریداری پر 50 فیصد رعایت کے بعد مہنگائی کے ستائے ہوئے شہری دور دور سے ان کی دکان پرآتے ہیں اور اپنے من پسند کپڑے آدھی قیمت پر خریدتے ہیں۔

جیکی کمار نے بتایاکہ پہلے ہمارے بزرگ رمضان میں مسلمانوں پر اشیائے خورد نوش سستی داموں میں فروخت کرتے تھے لیکن اب میں واحد کپڑے کا تاجر ہوں اس لئے میں نے بزرگوں کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار ہر قسم کپڑوں کی قیمت آدھی کردی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ اب پورے پاکستان میں ہندو تاجر عید کے موقع پر مسلمانوں کے لئے اس قسم کے ڈسکاؤنٹ کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ اس دفعہ ہم عید میں کمائی نہیں کریں گے بلکہ ہماری کوشش ہے تمام مستحق افراد ہماری اس آفر سے فائدہ اٹھائیں کیونکہ یہ چاند رات تک جاری رہے گا اور بٹگرام کے علاوہ دیگر علاقوں کے لوگ میں ہماری دکان آسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا ہمیں خوشی تب ہوئی جب شانگلہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون یہاں آئی اور خریداری کے بعد جاتے ہوئے کہنے لگی کہ ‘ آپ کی دکان کی وجہ سے اس بار ہماری پوری فیملی عید میں نئے کپڑے پہنے گی۔’

واضح رہے کہ ہندو تاجر جیکی کمار گزشتہ 20 سالوں سے بٹگرام میں کپڑے کے کاروبار سے وابستہ ہے جبکہ ان کا خاندان علاج معالجے کے حوالے بھی جانا جاتا ہے جس نہ صرف بٹگرام بلکہ مانسہرہ، تورغر، کوہستان اور شانگلہ کے لوگ بھی اپنا علاج کرواتے ہیں۔