پی ایس ایل، پشاورزلمی کی اسلام آباد یونائیٹڈ کوشکست،پلے آف مرحلے کےلئے کوالیفائی کرلیا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے میچ میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 13 رنز سے شکست دیکرپلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔


راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ، پشاور زلمی مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بناپائی۔

پشاور زلمی کی جانب سے اوپننگ بیٹر صائم ایوب ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے اور تین گیندیں کھیل کر فضل الحق فاروقی کی گیند پر صفر رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے جس کے بعد محمد حارث نے 39 گیندوں پر79 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور شاداب خان کی گیند پر حسن علی کو کیچ دے بیٹھے،پشاور زلمی کی جانب سے پکسا 41، ٹام کوہلر 12 اور حسیب اللہ خان 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔


اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فضل حق فاروقی نے 1، حسن علی نے 3، فہیم اشرف 1، شاداب خان نے 2 اور محمد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پشاور زلمی کی جانب سے دیے گئے 180 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ 20 ویں اوور میں 166 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف 38 اور رحمان اللہ گرباز 33 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ پشاور کی جانب سے خرم شہزاد اور صفیان مقیم نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جمی نیشام اور عامر جمال نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اسلام آباد کے خلاف میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم طبیعت ناساز ہونے کے باعث ٹیم کو دستیاب نہیں ہیں، بابر کی جگہ ٹام کوہلر کیڈمور ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔