خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں مردم شماری ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے۔
ضلعی پولیس کے ترجمان یعقوب ذوالقرنین نے کہا کہ یہ واقعہ گرہ مستان میں درابن پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا.
انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا۔
ترجمان کے مطابق پولیس اہلکار مردم شماری کی ٹیم کے ساتھ علاقے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں مصروف تھی کہ چند نامعلوم مسلح افراد پولیس وین پر فائرنگ کر دی۔
انہوں نے کہا کہ حملے میں 5 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جن کو ہسپتال منتقل کیا گیا اور بعدازاں ان میں سے ایک پولیس اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ شہید ہونے والے پولیس اہلکار کانام گل فراز ہے جس کا تعلق کوہاٹ سے ہے۔
کالعدم ٹی ٹی پی نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس حکومت اور کالعدم ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات میں تناؤ کے بعد ٹی ٹی پی نے جنگ بندی ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر میں دہشت گردی کے حملے کرنے کی دھمکی دی تھی جس کے بعد خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ایسی کارروائیوں میں تیزی آئی۔