جنوبی وزیرستان لوئر،وانا میں ٹھیکیداراغواء،عوام کا احتجاج

جنوبی وزیرستان لوئر کے صدرمقام وانا میں نامعلوم مسلح افراد نے ٹھیکیدارکو اغواء کرلیا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ آج صبح وانہ کے علاقے سپین مسجد کے قریب پیش آیا۔

تھانہ سٹی پولیس کے مطابق ابتدائی رپورٹ ٹھیکیدار طارق کے بھائی کی طرف سے جمع کی گئی ہے تاہم انہوں نے ایف آئی آر درج کرنے کےلئے مہلت مانگ لی۔

پولیس کے مطابق طارق کو صبح نو بجے سے دس بجے کے درمیان تین گاڑیوں میں سوار مسلح افراد نے اغواء کیا۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کے بعد ضلع بھر کے چوکیوں کو الرٹ کیا گیا ہے۔

وانا کے مقامی سیاسی و سماجی افراد نے ٹھیکیدار طارق کے اغواء پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وانا بازار میں احتجاجی مظاہرہ کیا اورانتظامیہ سے طارق کی جلد از جلد بازیابی کا مطالبہ کیا۔

چیف آف خوجل خیل ملک شہریار وزیر نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات علاقے میں امن وامان کی مخدوش صورتحال کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سے زیادہ تشویش ناک صورتحال کیا ہوسکتی ہے کہ شہر کےبیچ میں مسلح افراد کالے شیشوں کی گاڑیوں میں آکرایک شخص کو آسانی سے اغواء کرلیتے ہیں۔

واضح رہے کہ ٹھیکیدار طارق تحریک انصاف کے سرگرم کارکن اور سابق امیداوار صوبائی اسمبلی زبیر وزیر کے بھائی ہیں۔