سابق وزیراعظم عمران خان قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے ہیں

وزیر آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ میں چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ سے عمران خان سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق گوجرانوالہ میں اللہ والا چوک میں پی ٹی آئی کےاستقبالیہ کیمپ میں فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 5افراد زخمی ہوئے، موقع پر موجود سکیورٹی اہلکاروں نے حملہ آور کو فوری طور پر حراست میں لے لیا۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ عمران خان کی سیدھی ٹانگ میں گولی لگی ہے جب کہ پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی زخمی ہوئے ہیں اس کے علاوہ احمد چٹھہ اور چوہدری محمد یوسف بھی زخمی ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے کہا کہ فائرنگ کرنے والے نے عمران خان کے سینے کا نشانہ لیا تھا لیکن ہم سب نےسامنے کھڑے ہو کر ان کی جان بچائی۔

آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گجرات سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او گجرات کو فوری موقع پر پہنچنے کی ہدایت کی۔