سینئر صحافی ارشد شریف کا پمز اسپتال میں پوسٹ مارٹم مکمل

اسلام آباد: سینئر اینکر ارشد شریف کا پمز اسپتال میں پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا، جس کے بعد ان کا جسد خاکی قائداعظم اسپتال منتقل کردیا گیا۔

کینیا میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے سینئر صحافی ارشد شریف کے جسد خاکی کو پوسٹ مارٹم کےلیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا جو مکمل ہوگیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کے بعد ارشد شریف کے جسد خاکی کو سخت سیکیورٹی میں پمز سے قائد اعظم اسپتال منتقل کردیا گیا۔

قبل ازیں ارشد شریف کا جسد خاکی پاکستان پہنچنے پر گزشتہ شب ان کے اہل خانہ کے سپرد کردیا گیا تھا، جس کے بعد اہل خانہ کی جانب سے لاش کا پوسٹ مارٹم کرنے کی درخواست کی گئی تھی، جس پر میڈیکل ڈائریکٹر پمز نے پوسٹ مارٹم کے لیے 8 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا۔

میڈیکل بورڈ کے ارکان میں کلینیشین، سرجنز اور سینئر ترین میڈیکولیگل افسران سمیت 6 سینئر ترین ڈاکٹر شامل تھے جب کہ متوفی کے اہل خانہ کی خصوصی درخواست پر مزید 2 افراد کا اضافہ کیا گیا، جن میں ای این ٹی سرجن اور او ایم ایف ایس سرجن شامل تھے۔

ارشد شریف کا جسد خاکی اسلام آباد گولڑہ موڑ کے قریب نجی اسپتال کے سرد خانے سے پولیس کے حصار میں پمز اسپتال اسلام آباد روانہ کیا گیا تھا، اس دوران ارشد شریف کے صاحب زادے میت کے ساتھ تھے جب کہ خاندان کے افراد پمز اسپتال میں موجود تھے۔

جسد خاکی پمز پہنچنے کے موقع پر اسپتال میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس و ایف سی کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد اور جوڈیشل مجسٹریٹ بھی پمز اسپتال مارچری پہنچے تھے۔