اسلام آباد:سینئر صحافی اور اے آر وائی نیوز کے سابق اینکر ارشد شریف کینیا کے شہر نیروبی کے قریب گولی لگنے سے شہید ہوگئے ہیں۔
واقعہ کینیا کے شہر نیروبی سے دو گھنٹے کے فاصلے پر واقع علاقے میں پیش آیا، ارشد شریف گولی لگنے سے شہید ہوگئے، کینیا میں پولیس نے ان کی موت کی تصدیق کر دی ہے اور حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جب کہ ابتدائی طور پر اس بات کا امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ حملہ بندوق سے کیا گیا تھا۔
ارشد شریف ایک تجربہ کار صحافی ہونے کے ساتھ پاکستان کے سب سے بڑے نیوز اینکرز میں سے ایک تھے۔ اے آر وائی نیوز کا شو پاور پلے بطور ٹی وی اینکر ان کا ٹیلی ویژن پر آخری شو تھا۔ وہ ماضی میں ملک کے سرکردہ نیوز چینلز اور اخبارات کے لیے کام کر چکے ہیں۔
انہیں سال 2019 میں ان کی غیر معمولی صحافت خدمات پر صدارتی پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا۔اے آر وائی فیملی نے ارشد شریف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔دوسری جانب سے صحافی کے اہل خانہ نے میڈیا اور عوام سے گزارش کی ہے کہ غم کی اس گھڑی میں ارشد شریف کی موت کے بارے میں قیاس آرائیاں اور افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔