عمران خان کی ضمانت منظور

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کے کیس کی سماعت جج ظفر اقبال نے کی ۔

عمران خان سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت پہنچے۔سماعت کے دوران وکیل بابر اعوان نے کہاکہ عمران خان عدالت میں موجود ہیں،جج نے استفسار کیا کہ آپ کس تاریخ کو پیش ہو سکتے ہیں، بابر اعوان نے کہاکہ 12 نومبر کو عدالت پیش ہو جائینگے،عدالت نے عمران خان کو دس ہزار روپے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت 10ہزار کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت 12 نومبر تک منظور کرلی۔واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں اقدام قتل و دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس نے عمران خان کے خلاف اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت درج مقدمے سے متعلق کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا ،ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عبوری درخواست ضمانت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی دس ہزار روپے مچلکوں کے عوض 12 نومبر تک عبوری ضمانت منظور کی جاتی ہے،وکیل ملزم کے مطابق درخواست گزار معصوم ہے، کیس میں غلط نامزد کیاگیا، تحریری فیصلے کے مطابق نامزد ملزم پولیس کے ساتھ کیس کے حوالے سے تین دن کے اندر شامل تفتیش ہو۔نامزد ملزم ہر عدالتی سماعت میں پیش ہو۔