کوئٹہ : ہزارہ قوم کی نسل کشی کے خلاف ریلی کا انعقاد

کوئٹہ میں ہزارہ کمیونٹی سسٹم کے زیر اہتمام ہزارہ قوم کی نسل کشی کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹاؤن میں منعقدہ ریلی میں علاقہ معززین، علما، سماجی کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور ہزارہ نسل کشی بند کرو کے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔

ریلی کے اختتام پر علامہ محمد آصف حسینی، سیما سعادت، کاشف حیدری، مہدی افضل و دیگر نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے ہزارہ قوم کے خلاف بڑے پیمانے پر ہونے والے مظالم کو نسل کشی کے طور پر تسلیم کریں اور نسل کشی کو روکنے کے لیے دستیاب تمام ذرائع استعمال کریں، حالیہ دہشت گردانہ واقعات پر اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ قوم کے نسل کشی کے خلاف فی الفور عالمی کانفرنس بلائی جائے اور ہزارہ قوم کی نسل کشی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کئے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ہفتے دنیا بھر میں ہزارہ قوم، انسانی حقوق کے کارکن اور اتحادی افغانستان میں ہزارہ لوگوں پر ہونے والے حالیہ دہشت گردانہ حملے کے بعد یکجہتی کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں جس میں 55 افراد ہلاک اور 115 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مہم میں شامل ہونے کے لیے دنیا کے تقریبا 92 شہروں میں پرامن احتجاجی مظاہرے کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ قوم سے دنیا بھر میں اس وقت ہزاروں افراد اپنی یکجہتی کا اظہار ہزارہ قوم کے ساتھ کر رہے ہیں۔