ملالہ یوسف زئی کا سیلاب سے متاثرہ ضلع دادو کا دورہ ،بچوں کی تعلیم متاثرہونے پر تشویش کا اظہار

نوبل انعام یافتہ ملالا یوسف زئی نے سندھ کے ضلع دادو کی تحصیل جوہی کے علاقے کا دورہ کیا اور تباہ کن سیلاب سے بے گھر ہونے والے متاثرین سے ملاقات کی۔

ملالہ یوسف زئی کے ساتھ ان کے والد ضیاالدین یوسف زئی، وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو، وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ اور زندگی ٹرسٹ کے شہزاد رائے بھی موجود تھے۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ عبدالرشید چنا کے مطابق گاؤں چھنڈن میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بنائی گئی سرکاری ٹینٹ سٹی میں سیلاب متاثرہ خواتین نے ملالہ یوسف زئی کو کیمپ میں خوش آمدید کہا۔ملالہ نے خواتین کو حوصلہ دیا اور کہاکہ آپ بہادر خواتیں ہیں اور آپ اس مشکل وقت کا مقابلہ کر رہی ہیں۔

وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے ملالہ یوسف زئی کو سندھ میں سیلاب کے بعد متاثر ہونے والے تعلیم کے نظام سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سندھ میں سیلاب کے باعث 12 ہزار سکولوں میں 20 لاکھ بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ صوبے کے بہت سارے علاقے تاحال زیر آب ہیں، پانی کی نکاسی کے بعد مزید سروے کرکے سکولوں کے نقصانات کا تعین کیا جائے گا۔

ملالہ نے تعلیمی اداروں اور بچوں کی تعلیم متاثر ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ سوات میں 2012 میں طالبان کے حملے میں بچ جانے والی ملالہ یوسف زئی کا یہ دوسرہ دورہ پاکستان ہے، وہ حملے کے دس سال مکمل ہونے کے 2 دن بعد کراچی پہنچی تھیں۔