سیلاب کے بعدپاکستان میں بیماریوں اور اموات کی صورت میں دوسری آفت کا خطرہ ہے،ڈبلیو ایچ او

اسلام آباد:عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں بیماریوں اور اموات کی صورت میں دوسری آفت کا خطرہ ظاہر کردیاہے.

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ٹیڈروس نے کہا ہے کہ سیلاب کے بعد پاکستان میں بیماریوں اور اموات کی صورت میں دوسری آفت کا خطرہ ہے، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے باعث سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد بیماریوں کا سامنا ہے، جس کے باعث ڈبلیو ایچ او 10 ملین ڈالر کے بعد امداد کے لیے نئی اپیل کرے گا، عطیات دینے والوں سے زندگیاں بچانے کے لیے دل کھول کر امداد کی گزارش ہے۔

اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف نے بھی پاکستان میں ہنگامی امداد کی اپیل کی ہے، اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ لاکھوں بچوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں اور تقریباً 34 لاکھ سیلاب زدہ بچے فوری امداد کے منتظر ہیں.

سیلاب میں پھنسے بچوں کو بھوک کے ساتھ بیماریوں نے گھیر لیا ہے، ملیریا اور ڈینگی کے ساتھ پیٹ کے امراض ان پر حملہ آور ہیں اور بچے اور بچیاں اس موسمیاتی تباہی کی قیمت چکا رہے ہیں، جس میں وہ حصے دار ہی نہیں، سیلاب سے متاثرہ بچوں کی مائیں غذائی قلت کا شکار ہو کر دودھ پلانے سے بھی قاصر ہیں۔