جنوبی وزیرستان اپر: امن کمیٹی کے دفتر کے باہر دھماکہ، ایک شخص جاں بحق ،5 افراد زخمی

ضلع جنوبی وزیرستان اپر کے مکین بازار میں امن کمیٹی کے دفتر کے باہر بارودی مواد کے دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ امن کمیٹی کے رضاکاروں سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔

ایس ایچ او تھانہ مکین فہیم محسود کے مطابق بارودی مواد مکین بازار کے مارکیٹ نمبر 9 میں ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھاجو اچانک زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں امن کمیٹی کے 3 کارکنان اور پاس سے گزرنے والے 3 عام شہری زخمی ہوئے جبکہ آس پاس کی دکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

ایس ایچ او فہیم محسود نے میڈیا کو بتایا کہ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے تاہم امن کمیٹی کے تینوں زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے رزمک شمالی وزیرستان منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں زخمی عنایت اللہ نامی شخص دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

واقعے کے فوراً بعد پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔