راولپنڈی: نشاط سینما کیس میں اینٹی کرپشن کی بڑی کارروائی، مرکزی ملزم ملک عارف سمیت کئی افسران گرفتار

بلال یاسر
راولپنڈی کے اربوں روپے مالیت کے نشاط سینما کیس میں محکمہ اینٹی کرپشن نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقدمے کے مرکزی ملزم ملک عارف سمیت کئی سرکاری افسران کو دھر لیا۔

اینٹی کرپشن حکام نے راولپنڈی سے کی جانے والی ان اہم گرفتاریوں کے بعد تمام ملزمان کو فوری طور پر لاہور منتقل کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان پر مبینہ طور پر انتظامیہ کی ملی بھگت سے سینما کی قیمتی اراضی کے جعلی کاغذات تیار کرانے اور عدالتی احکامات کی کھلی خلاف ورزی کرنے کا سنگین الزام ہےجس پر عدالت ان پر فردِ جرم بھی عائد کر چکی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور اس جعل سازی میں ملوث دیگر کرداروں کی گرفتاری بھی جلد متوقع ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی کی تاجر برادری اور نشاط سینما کے آبائی مالکان نے اینٹی کرپشن کی اس بڑی کارروائی کو قانون کی فتح قرار دیتے ہوئے اس کا بھرپور خیرمقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ زمینوں پر قبضے کرنے والے اس مافیا کو عبرت ناک سزا دلائی جائے گی۔