وحید اللہ
قبائلی ضلع باجوڑ کی تحصیل نواگئی کے علاقے الف خان کلے میں سرکاری گرلز پرائمری اسکول کی دو خواتین اساتذہ پر پانچ معصوم بچیوں کو اسکول سے نکالنے کا مبینہ الزام سامنے آیا ہے۔
مقامی شہری فیاض کے مطابق ان کی بچیوں کو اسکول کی صفائی اور استانیوں کے ذاتی کام کرنے سے انکار پر اسکول لیونگ سرٹیفکیٹ دے کر فارغ کیا گیا۔
فیاض نے ثبوت کے طور پر پانچوں سرٹیفکیٹس میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے حکام سے اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں ٹیچرز کا فوری تبادلہ کیا جائے تاکہ بچے بلا خوف و خطر دوبارہ تعلیم جاری رکھ سکیں۔
دوسری جانب اسکول انتظامیہ اور اساتذہ نے ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واقعے کو ذاتی اور گھریلو تنازع کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔
انتظامیہ کا موقف ہے کہ بچوں کے والد نے خود فون پر سرٹیفکیٹس جاری کرنے کی درخواست کی تھی جس پر انہوں نے بچیوں کو ٹرٹیفکیٹس جاری کردیئے ۔
فیاض خان کا الزام ہے کہ خان بہادر نامی شخص نے ان سے شناختی کارڈ مانگے اور انکار پر شناختی کارڈ بلاک کرانے کی دھمکیاں دے کر بچیوں کو اسکول سے نکلوا دیا۔ انہوں نے ملوث اساتذہ کو معطل کرنے کی اپیل کی ہے۔











