شمالی وزیرستان ،رزمک میں غیر قانونی ادویات کے خلاف انتظامیہ کی کارروائیاں، بھاری مقدار میں ممنوعہ ادویات برآمد

وہاب وزیر
شمالی وزیرستان کی سب ڈویژن رزمک میں ضلعی انتظامیہ نے ڈرگ مافیا کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے ممنوعہ اور غیر قانونی غیر ملکی ادویات فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر رزمک طفیل محمد کی سربراہی میں تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نےجس میں ڈسٹرکٹ ڈرگ انسپکٹر غفار وزیر اور تحصیلدار رزمک شہر بہادر وزیر شامل تھے رزمک بازار میں مختلف میڈیکل اسٹورز پر اچانک چھاپے مارے۔

کارروائی کے دوران 5 میڈیکل اسٹورز سے بھاری مقدار میں ایسی غیر ملکی ادویات برآمد کی گئیں جو نہ صرف ممنوعہ تھیں بلکہ ان میں بڑی تعداد میں جعلی اور زائد المعیاد (ایکسپائرڈ) دوائیں بھی شامل تھیں۔

انتظامیہ نے کارروائی کے دوران ان ادویات کو قبضے میں لے کر متعلقہ اسٹورز کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر طفیل محمد اور ڈسٹرکٹ ڈرگ انسپکٹر غفار وزیر نے واضح کیا کہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رزمک سب ڈویژن کو ممنوعہ اور جعلی ادویات سے پاک کرنے تک یہ مہم جاری رہے گی اور ڈرگ مافیا کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں