خیبر پختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے صوبے بھر کے اسکولوں کی نگرانی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اسکول لیڈر ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا باقاعدہ اطلاق 16 مارچ سے ہوگا۔
اس نئی ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کے تحت اسکول لیڈرز کی کارکردگی، حاضری اور اسکولوں کے دوروں کی نگرانی اب آن لائن ایپ کے ذریعے کی جائے گی۔
تعلیمی نظم و ضبط کی بہتری کے لیے اس ایپ کو ابتدائی طور پر ایک ماہ کے لیے پائلٹ بنیادوں پر چلایا جائے گا جس کے دوران تمام اسکول لیڈرز کے لیے اپنی روزانہ کی سرگرمیاں اور وزٹ رپورٹس ایپ پر اپ لوڈ کرنا لازمی ہوگا۔
اس ایپ میں طلبہ کی تعلیمی کارکردگی اور پیرنٹ ٹیچر کونسل (PTC) میٹنگز کا ریکارڈ جمع کرنے کے فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں، جبکہ پہلی بار لاگ ان کے لیے اسکول لیڈرز اپنی آئی ڈی اور شناختی کارڈ نمبر بطور پاس ورڈ استعمال کریں گے۔
مانیٹرنگ کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے رپورٹس کے ساتھ وقت (Time Stamp) اور جی پی ایس (GPS) سے ٹیگ شدہ تصاویر اپ لوڈ کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ مقام کی تصدیق ہو سکے۔
حکام کے مطابق فرائض میں غفلت برتنے یا ایپ کے ذریعے رپورٹنگ نہ کرنے والے اسکول لیڈرز کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔









