خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے سب ڈویژن بیٹنی میں تھانہ شادی خیل کی حدود میں پولیس کی گاڑی کو آئی ای ڈی دھماکے کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کے نتیجے میں ایس ایچ او سمیت 6 پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ شادی خیل کے ایس ایچ او صدر اعظم اپنی ٹیم کے ہمراہ معمول کے گشت پر تھے کہ شادی خیل سے مستی خیل روڈ پر رسول خیل چیک پوسٹ کے قریب سڑک کنارے نصب بارودی مواد سےان کی گاڑی کا نشانہ بنایا گیا۔
دھماکہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی کو بری طرح نقصان پہنچا اور اس میں سوار اکثر اہلکار موقع پر ہی جام شہادت نوش کر گئے۔
ا واقعے میں شہید ہونے والوں میں ایس ایچ او صدر اعظم، کانسٹیبل شاہ بہرام ڈرائیور، کانسٹیبل شاہ خالد، کانسٹیبل حاجی محمد اے ٹی ایس، کانسٹیبل گل زادہ اے ٹی ایس اور کانسٹیبل سخی زادہ اے ٹی ایس شامل ہیں۔ حملے میں کانسٹیبل انصاف الدین زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور ملوث عناصر کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔









