ایمل ولی اور شفیع جان کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل

عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان اور وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکمشت 55 روپے فی لیٹر اضافے کو مسترد کرتے ہوئے اسے عوام دشمن فیصلہ قرار دیا ہے۔

ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے کے باوجود ملک میں موجود پیٹرول اور ڈیزل کا اسٹاک پرانی قیمتوں پر خریدا گیا تھا، اس لیے یکدم اتنا بڑا اضافہ عوام پر مہنگائی کا بم گرانے کے مترادف ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ حکومت پہلے ہی پیٹرولیم مصنوعات پر فی لیٹر تقریباً 100 روپے تک مختلف ٹیکسز اور لیوی وصول کر رہی ہے، ایسے میں عوام پر مزید بوجھ ڈالنا غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے جس سے ٹرانسپورٹ اور خوراک سمیت روزمرہ اشیاء کی قیمتیں مزید بڑھ جائیں گی۔

دوسری جانب شفیع جان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہر غریب کے بجٹ پر حملہ ہے اور اس سے دیہاڑی دار طبقے کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 150 روپے فی لیٹر پیٹرول پر واویلا مچانے والوں کا دوغلا پن اب قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

شفیع جان نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت ہر فورم پر عوام کے حق کی آواز بلند کرتی رہے گی کیونکہ معاشی بوجھ ہمیشہ غریب اور متوسط طبقے پر ہی ڈالا جاتا ہے جو پہلے ہی دو وقت کی روٹی کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں