زاہد وزیر
شمالی وزیرستان کے انتظامی مرکز میران شاہ میں ڈپٹی کمشنر کے کمپاؤنڈ پر ہونے والے ایک مبینہ میزائل حملے میں کم از کم تین افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ رات آٹھ بجے کے قریب پیش آیا جب نامعلوم سمت سے داغا گیا ایک میزائل براہ راست ڈی سی کمپاؤنڈ کے اندر گرا۔
جس وقت یہ حملہ ہوا اس دوران کچھ سرکاری اہلکار کمپاؤنڈ کے اندر معمول کی چہل قدمی کر رہے تھے جو مبینہ میزائل کا نشانہ بنے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس افسوسناک واقعے میں نشانہ بننے والے تینوں افراد کا تعلق ایک سرکاری ادارے سے بتایا جا رہا ہے تاہم تاحال حکام کی جانب سے ان کی باضابطہ شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ بجلی کی تنصیبات اور تاریں ٹوٹ گئیں۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی تفتیش کر رہے ہیں۔









