خیبرپختونخوا حکومت نے رمضان المبارک کے لیے خصوصی ریلیف پیکج کی منظوری دے دی جس کے تحت 10 لاکھ سے زائد مستحق خاندانوں کو فی کس 12 ہزار 500 روپے فراہم کیے جائیں گے۔
صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کابینہ کے 47ویں اجلاس میں رمضان پیکج کی منظوری کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ یہ اقدام کم آمدنی والے طبقات کو ریلیف دینے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کے وژن اور وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی ہدایات کی روشنی میں رواں برس 10 لاکھ 63 ہزار مستحق خاندانوں کو رمضان پیکج دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اس سال فی خاندان امدادی رقم 12 ہزار 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے 2024 میں پہلی مرتبہ 10 ہزار روپے فی خاندان رمضان پیکج متعارف کرایا تھا، جس کے بعد دیگر صوبوں نے بھی اسی طرز پر امدادی اسکیمیں شروع کیں۔
مزمل اسلم نے مزید کہا کہ مہنگائی کے موجودہ دباؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیراعلیٰ نے امدادی رقم میں 25 فیصد اضافہ کرنے کی منظوری دی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔









