خیبرپختونخوا میں اہم افسران کے تبادلے

خیبرپختونخوا حکومت نے انتظامی سطح پر بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے اور ڈائریکٹر ایڈمن فوڈ سیفٹی اتھارٹی سمیت 7 اہم افسران کے تبادلوں و تعیناتیوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

محکمہ اسٹبلشمنٹ خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ اعلامیے کے مطابق ان تبدیلیوں میں گریڈ 19 کے چار سینیئر افسران بھی شامل ہیں۔

اعلامیے کے مطابق گریڈ 19 کے افسر عامر حسین خان کو ڈائریکٹر ایڈمن فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی تعینات کیا گیا ہے جبکہ اس عہدے پر پہلے سے فائز گریڈ 19 کے پی پی ایس آفیسر عبدالرحمان کی خدمات واپس محکمہ پی اینڈ ڈی (P&D) کے سپرد کر دی گئی ہیں۔

اسی طرح ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی آمین اللہ کو تبدیل کرکے سیکرٹری ٹو کمشنر ڈی آئی خان ڈویژن لگایا گیا ہے جبکہ سابق سیکرٹری ٹو کمشنر سید باچہ کو اسٹبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید برآں، اسٹبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں تعیناتی کے منتظر گریڈ 19 کے پی ایم ایس افسر خورشید عالم کو ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ آفیئرز اور ڈاکٹر قاصم علی خان کو ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ و قبائلی امور مقرر کیا گیا ہے۔

اعلامیےکے مطابق اینٹی کرپشن کے جج کو جوڈیشنل ممبر اپیلٹ ٹربیونل فار سیلز ٹیکس آن سروسز کا اضافی چارج تفویض کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں