محسود پریس کلب جنوبی وزیرستان اپر کے زیراہتمام معروف صحافی اور انسانی حقوق کے علمبردار سیلاب محسود کی یاد میں پشاور یونیورسٹی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان ،ممبران صوبائی اسمبلی آصف محسوداور طارق سعید سمیت سیاسی رہنماؤں اور قومی مشران نےشرکت کی۔
تقریب کےآغاز پر محسود پریس کلب کے صدر اورسینئر صحافی فاروق محسود نے پروگرام کے اعراض و مقاصد پیش کئے اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے سیلاب محسود کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں قبائلی علاقوں کے لیے مشعل راہ قرار دیا۔
شفیع جان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب محسود نے ظلم کے خلاف قلم کی طاقت سے جدوجہد کی اور ایف سی آر و انسانی حقوق کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
انہوں نے گومل یونیورسٹی میں سیلاب محسود چئیر اور محسودپریس کلب میں سیلاب محسود کے نام پر لائبریری کے قیام کا بھی اعلان کیا۔
تقریب میں سیلاب محسود پر مبنی ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی اور ان کی صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
اس موقع پر شمالی وزیرستان کے میران شاہ پریس کلب کے عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف بھی لیا جس سے معاون خصوصی شفیع جان نے حلف لیا۔









