کوئٹہ،ایف سی ہیڈکوارٹر کے قریب بم دھماکے میں 7 افراد جاں بحق،24 زخمی

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایف سی ہیڈ کوارٹر کے قریب زور دار دھماکے میں سات افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

صوبائی وزیر صحت بخت کاکڑ نے برطانوی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں تصدیق کی کہ دھماکے کے بعد کم از کم سات لاشیں ہسپتال لائی گئیں، جب کہ 24 زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے۔

ان کے مطابق مرنے والوں اور زخمیوں میں سکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد ماڈل ٹاؤن کے علاقے سے دھواں بلند ہوتا دیکھا گیا اور فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیں۔

شہباز ٹاؤن کے رہائشی حمید خان نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ ایسا محسوس ہوا جیسے ان کے گھر کے اندر ہوا ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے بعد فائرنگ بھی سنائی دی۔

انہوں نے بتایا کہ جب وہ گھر سے باہر نکلے تو سڑک پر ایک گاڑی کے شیشے ٹوٹے ہوئے دیکھے۔ ڈرائیور نے انہیں بتایا کہ دھماکہ ایک سوزوکی گاڑی میں ہوا جو ایف سی ہیڈکوارٹر کے قریب کھڑی تھی، اور قریب ہونے کی وجہ سے اس کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔

دھماکے کی شدت پشین اسٹاپ، ماڈل ٹاؤن، شہباز ٹاؤن سمیت قریبی علاقوں میں محسوس کی گئی، جب کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی۔ کئی گاڑیاں بھی اس واقعے میں متاثر ہوئیں۔

دھماکے کے بعد صوبائی حکومت نے شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عملے کو فوری طور پر ڈیوٹی پر پہنچنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں