خیبرپختونخوا میں اسپتالوں کے تحفظ کیلئے نیا قانون نافذ

خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری و نجی اسپتالوں میں بڑھتے ہوئے تشدد اور املاک کو نقصان پہنچانے کے واقعات پر قابو پانے کے لیے ایک اہم پیش رفت کی ہے۔

صوبے میں ’’تشدد اور املاک کو نقصان سے تحفظ کا قانون‘‘ نافذ کر دیا گیا ہے تاکہ اسپتالوں کو ایک محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں تمام اسپتالوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ تشدد سے متعلق ہر واقعے کو فوری طور پر رپورٹ کیا جائے۔

نئے ضابطے کے تحت ایسے کسی بھی واقعے کی اطلاع براہِ راست ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کو دینا لازمی ہوگی اور اس کے ساتھ واقعے کی تفصیل اور ایف آئی آر محکمہ صحت کو بھجوانی ہوگی۔

یہ اقدام اس لیے اٹھایا گیا ہے تاکہ مریض، تیماردار اور طبی عملہ ایک پرامن اور محفوظ ماحول میں اپنا کام انجام دے سکیں۔ محکمہ صحت نے تمام طبی مراکز کو قانون پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

صوبائی حکام کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں تشدد کے بڑھتے واقعات نے ایک تشویشناک صورت حال اختیار کر لی تھی جو نہ صرف طبی خدمات میں خلل ڈال رہے تھے بلکہ عملے اور مریضوں کے لیے خطرہ بھی بن چکے تھے۔ اس صورتحال کے تدارک کے لیے یہ قانون ایک اہم قدم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں