خوست :خرافات پھیلانے والے چارافراد گرفتار، ایک نے 20 سال سے بال نہیں کٹوائے

کابل:افغانستان کے صوبہ خوست کے ضلع سپیرا میں دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے چار ایسے افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جو کئی سالوں سے عوام میں خرافات اور بدعتیں پھیلا رہے تھے۔

وزارتِ امر بالمعروف و نہی عن المنکر خوست کےحکام کے مطابق گرفتار افراد دینی اقدار میں تحریف کر رہے تھے اور عوام کے عقیدے اور مذہبی جذبات سے کھیل رہے تھے۔

ان میں سے ایک شخص نے گزشتہ 20 سال سے بال نہیں کٹوائے تھے دوسرا تقریباً 15 سال سے صرف ایک ہی لباس پہن رہا تھا. تیسرا نہانے سے گریز کرتا تھاجبکہ چوتھا شخص اس عقیدے کا حامل تھا کہ اگر وہ گاؤں سے شہر گیا تو مر جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان افراد کی حرکات نہ صرف اسلامی اصولوں کے منافی ہیں بلکہ معاشرے کے دینی و سماجی استحکام کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ سمجھی جاتی ہیں۔

وزارتِ امر بالمعروف و نہی عن المنکر خوست کے دفتر نے واضح کیا ہے کہ اسلامی نظام کے سائے تلے کسی بھی قسم کی بدعت، خرافات یا عوام کے عقیدے میں گمراہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں