خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک سے چند روز قبل اغوا ہونے والے عالمی ادارہ صحت (WHO) سے وابستہ پولیو مانیٹرنگ ٹیم کے تین افسران آج بحفاظت بازیاب ہو گئے۔
مقامی زرائع کے مطابق بازیابی میں امن جرگہ، بیٹنی، کُنڈی، مروت اور محسود قبائلی مشران نے کلیدی کردار ادا کیا۔
اغوا ہونے والے اہلکاروں میں ڈسٹرکٹ سرویئلنس آفیسر ڈاکٹر احسان اللہ بیٹنی، یونین کونسل کے سی سی ایس او حکمت اللہ بیٹنی اور پی پی او عبداللہ کنڈی شامل تھے۔
یہ ٹیم پولیو مہم کی نگرانی کے سلسلے میں ٹانک کے نواحی علاقے ملازئی کا دورہ کر رہی تھی جب نامعلوم مسلح افراد نے انہیں تھانہ ملازئی کی حدود عمرکوٹ کے علاقے سے اغوا کر لیا۔
واقعے کے فوری بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شبیر حسین شاہ کی ہدایت پر پولیس کی بھاری نفری روانہ کی گئی اور علاقے میں ناکہ بندی کر کے تلاشی کا عمل شروع کر دیا گیا تھا۔ تاہم، پولیس کو فوری طور پر کوئی کامیابی نہیں ملی۔