باجوڑ کی تحصیل نواگئی میں نواگئی بازار سے غلجو کمانگرہ تک سڑک کے منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا۔
یہ سڑک نواگئی بازار سے غلجو اور کمانگرہ تک تقریباً 6 کلومیٹر طویل ہے۔ابتدا میں سال 2021 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) میں شامل کی گئی تھی تاہم تکنیکی اور انتظامی اعتراضات کے باعث مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن (M\&E) ڈیپارٹمنٹ نے اس منصوبے پر عمل درآمد روک دیا تھا جس کے نتیجے میں یہ کچھ سالوں تک التوا کا شکار رہا۔
رکن صوبائی اسمبلی نثار باز خان نے اس تعطل کو ختم کرانے کے لیے مسلسل محنت کی اور متعلقہ محکموں، خاص طور پر سی اینڈ ڈبلیو کے سیکریٹری اور چیف سیکریٹری سے کئی بار ملاقاتیں کیں۔
یہ سڑک نواگئی، غلجو، کمانگرہ اور ملحقہ علاقوں کے عوام کی ایک دیرینہ ضرورت تھی۔ منصوبے کی تکمیل سے مقامی لوگوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی اور علاقے میں ترقی، خوشحالی اور معاشی بہتری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
افتتاحی تقریب میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما شیخ جہانزادہ، رکن صوبائی اسمبلی (پی کے-22) نثار باز خان کے فوکل پرسن عبدالواجد، غلجو کمانگرہ کے مشران، نواگئی کے معززین اور اے این پی کے مقامی ذمہ داران شریک ہوئے۔