میرانشاہ:شمالی وزیرستان کے صدر مقام میرانشاہ میں عوام نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر سول ہسپتال کی ممکنہ آؤٹ سورسنگ کے خلاف میرانشاہ پریس کلب کے سامنے بھرپور احتجاج کیا۔
احتجاج میں ملک حبیب اللہ خان داوڑ (درپہ خیل)، ملک بش (بوراخیل)، خلیل خان وزیر (جنرل سیکرٹری سیاسی اتحاد) اور ال مرجڈ ڈسٹرکٹ پیرامیڈیکس کے صدر ملک محمد اقبال خان نے بھی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوامی سہولیات کو متاثر کرنے والے فیصلے فی الفور واپس لیے جائیں۔
مقررین نےکہاکہ اگر صوبائی حکومت علاقے میں ترقیاتی سہولیات فراہم نہیں کر سکتی تو کم از کم موجودہ صحت کی سہولیات سے بھی محروم نہ کرے۔
احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ حکومت کی آؤٹ سورسنگ پالیسی کے تحت سول ہسپتال میرانشاہ کو نجی انتظامیہ کے سپرد کرنے کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں جو عوام کے لیے ناقابل قبول ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرعلی ہسپتال کی آؤٹ سورسنگ کے بعد وہاں کے عوام بنیادی طبی سہولیات سے محروم ہو چکے ہیں، اور ہم اس تجربے کو میرانشاہ میں دہرانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
احتجاج میں درپہ خیل، بوراخیل اور میرانشاہ کلی سمیت مختلف اقوام کے مشران، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس اسٹاف، سیاسی اتحاد کے نمائندے اور تاجر برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرین نے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر سول ہسپتال کی آؤٹ سورسنگ کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو احتجاجی دائرہ کار مزید بڑھا دیا جائے گا۔