پشاور:خیبر پختونخوا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبے کے گورنرہاؤس میں جے یو آئی کے امیدوار کی بطورگورنر انٹری ہوئی ہے۔ نئے گورنر غلام علی مولانا فضل الرحمن کے سمدھی اور با اعتماد ساتھی شمار ہوتے ہیں جن کی تقرری کے بعد اس وقت اقتدارکے محلات میں مولانا فضل الرحمان کے خاندان یا اس سے وابستہ اقربا کی تعداد سات ہوگئی ہے۔
نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم اتحاد کی حکومت قائم ہونے کے بعد گورنر خیبر پختونخوا کا عہدہ جے یو آئی کو دینے پر اتفاق ہوا تھاتاہم اس عہدہ کے ملنے سے قبل مولانا فضل الرحمان کے ایک بھائی مولاناعطاء الرحمان سینیٹر ہیں ان کا دوسرا بھائی لطف الرحمان ممبر صوبائی اسمبلی جبکہ مولانا فضل الرحمن کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود رواں برس اپریل سے وفاقی وزیر مواصلات کے طور پر کام کررہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مولانا خاندان کی ایک خاتون ریحانہ اسماعیل ایم پی اے اور سمدھی کے بیٹے زبیر علی بھی بطور سٹی میئر پشاور کام کررہے ہیں۔ صوبے کا یہ اہم عہدہ ہاتھ آنے کے بعد جے یو آئی کی سیاست کو تقویت مل سکتی ہے ۔