پراوینشیل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) خیبر پختونخوا نے شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب سے متاثر ہونے والے 17 ہزار سے زائد خاندانوں کی مالی مدد کے لیے 35 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیئے۔
پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل جنت گل آفریدی نے نیوز ویب سائیٹ ٹی این این کو بتایا ہے کہ رواں ہفتے کے جمعرات یا جمعے کو شمالی وزیرستان کے ہر رجسٹرڈ متاثرہ خاندان کو بذریعہ ایس ایم ایس 20 ہزار روپے مالی امداد دی جائے گی جن میں 12 ہزار روپے نقد اور 8 ہزار روپے راشن الاؤنس شامل ہیں۔
جنت گل آفریدی کے مطابق حالیہ ریلیز ہونے فنڈز اس سلسلے کی 105 ویں قسط ہے جو 2014 میں ہونے والے آپریشن ضرب عضب کے بعد اب تک ہر ماہ شمالی وزیرستان کے بے گھر ہونے والے رجسٹرڈ متاثرین کو مل رہے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان احسان داوڑ کے مطابق جون 2014 میں ہونے والے آپریشن ضرب عضب کے دوران شمالی وزیرستان کے ایک لاکھ 10 ہزار خاندان متاثر ہوکر بکا خیل آئی ڈی پیز کیمپ سمیت مختلف علاقوں میں رہائش پذیر ہوئے۔
احسان داوڑ نے مذید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آپریشن کے بعد 96 فیصد خاندان واپس اپنے علاقوں میں آباد ہوگئے ہیں تاہم اس وقت بھی 17ہزار سے زائد رجسٹرڈ خاندان ایسے ہیں جنہیں پی ڈی ایم اے کی جانب سے باقاعدہ طور پر ماہانہ امداد دی جارہی ہے۔
انہوں نے بتایا اس وقت 2 ہزار کے قریب خاندان بکاخیل کیمپ جبکہ باقی دیگر علاقوں میں رہائش پذیر ہے اور ان تمام خاندانوں کا تعلق دتہ تحصیل سے ہیں۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان کے متاثرین نے مالی امداد کی رقم بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2014 کے مقابلے میں مہنگائی زیادہ ہے اس لیے حکومت کی جانب سے ملنے والی امداد میں اضافہ کردیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ متاثرین کی دوبارہ اپنے آبائی علاقوں میں واپسی کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں جائے۔