شمالی وزیرستان،میرعلی میں بنوں کےرہائشی3 افراد قتل

شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں نا معلوم افراد نے دکاندار کو دو دوستوں سمیت قتل کردیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق واقعہ پیر کی رات کو  پیش آیا۔

میرعلی سے تعلق رکھنے والے ایک اہلکار نےامریکی نشریاتی ادارے  مشال ریڈیو کو بتایا کہ “نامعلوم مسلح افراد” نے رات کے وقت ایک سنار اور اس کے دو دوستوں کو دوکان سےاٹھا کر قریبی کھیتوں میں لےگئے اور وہاں فائرنگ کرکے انھیں قتل کردیا۔

اہلکار کے مطابق قتل ہونے والے سنار کا نام رحمت خان ہے جبکہ ہارون اور دلبر شاہ ان کے دوست ہیں ،تینوں کا تعلق ضلع بنوں سے ہے.

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ رحمت خان کی میرعلی بازار میں کافی سالوں سے سونے کی دکان تھی۔

میرعلی تھانے کے سربراہ فرحان خان نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ اس واقعے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے اور نہ ہی کسی مسلح گروپ نے ابھی تک اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔