دکی میں کوئلہ کان میں زہریلی گیس بھرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق

بلوچستان کے ضلع دکی میں کوئلہ کان میں زہریلی گیس بھرنے سے ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہوگئے۔

مقامی زرائع کے مطابق یہ واقعہ راغہ ایریا میں پیش آیا۔

اسسٹنٹ انسپکٹر مائنز دوست محمد لیلزئی کے مطابق جاں بحق ہونے والے تینوں کان کنوں کی لاشیں کوئلہ کان سے نکالی جاچکی ہیں جس کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل ہوگیا۔

جاں بحق ہونے والے مزدورں میں عبدالرسول،بیٹا ہمایون اور داماد محمد ناصر شامل ہیں جن کا تعلق افغانستان سے ہے۔

لاشیں سول اسپتال دکی منتقل کردی گئی ہیں جن کو ضروری کاروائی کے بعد تدفین کےلئے آبائی علاقوں کو روانہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں کوئلہ کے کانوں میں زہریلی گیس بھرنے کے نتیجے میں حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ گذشتہ ماہ ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان میں گیس جمع ہونے کے بعد دھماکے نتیجے میں 15 افراد اندر کان میں پھنس گئے تھے جن میں 8 کو زندہ نکال لیا گیا تھا جبکہ 7 مزدور جاں کی بازی ہار گئے تھے۔