نگراں وفاقی کابینہ کے 16 ارکان نے حلف اٹھا لیا

نگراں وفاقی کابینہ کے 16 ارکان نے حلف اٹھا لیا ۔

ایوان صدر میں منعقد حلف برداری تقریب میں صدر مملکت عارف علوی نے نگران کابینہ کے اراکین سے حلف لیا جس میں 16 وفاقی وزرا کے ساتھ ساتھ تین مشیر بھی شامل ہیں۔

حلف اٹھانے والے نگران وفاقی وزرا میں سینیٹر سرفراز بگٹی، جلیل عباس جیلانی، شمشاد اختر، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ انور علی حیدر، مرتضٰی سولنگی، سمیع سعید، شاہد اشرف تارڑ، احمد عرفان اسلم، محمد علی، گوہر اعجاز، عمر سیف، ندیم جان، خلیل جیارج، انیق احمد، جمال شاہ، مدد علی سندھی شامل ہیں۔

اس کے علاوہ نگران وزیراعظم کے تین مشیروں ایئر مارشل ریٹائرڈ فرحت حسین خان، احمد خان چیمہ اور وقار مسعود خان نے بھی حلف اٹھایا۔

حلف اٹھانے والے وزرا میں جلیل عباس جیلانی کو وزارت خارجہ، ڈاکٹر شمشاد اختر کو وزارت خزانہ، سرفراز بگٹی کو وزارت داخلہ اور وزارت سمندر پار پاکستانی، مرتضیٰ سولنگی کو وزارت اطلاعات و نشریات، ڈاکٹر عمر سیف کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، لیفیٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ انور علی حیدر کو وزارت دفاع، انیق احمد کو وزارت مذہبی امور، احمد عرفان اسلم کو وزارت قانون، قدرتی وسائل اور ماحولیاتی، محمد علی وزارت توانائی اور پیٹرولیم، گوہر اعجاز کو وزارت تجارت اور مدد علی سندھی کو وزارت تعلیم کے قلمدان دیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ ڈاکٹر ندیم جان کو وزارت صحت، جمال شاہ کو وزارت ثقافت، کیپٹن ریٹائرڈ شاہد اشرف تارڑ کو وزارت ریلوے، پوسٹل سروسز، احمد تارڑ وزارت کو مواصلات اور سمیع سعید کو وزارت منصوبہ بندی کے قلمدان سونپے گئے ہیں۔

تین مشیروں میں سے ایئرمارشل ریٹائرڈ فرحت حسین ایوی ایشن، احمد چیمہ اسٹیبلشمنٹ اور وقار مسعود مالیات کے مشیر ہوں گے۔

نگران وزیراعظم نے چار مشیر خاص کا بھی تقرر کیا ہے جن میں مشعال ملک کو انسانی حقوق، جواد سہراب ملک کو اوورسیز، وائس ایڈمرل ریٹائرڈ افتخار راؤ میری ٹائم افیئرز اور وصی شاہ سیاحت کے اسپیشل ایڈوائزر ہوں گے۔