وزیراعلی کی کھلی کچہری رنگ لے آئی،باجوڑ میں 13ماربل فیکٹریاں سیل

ضلع باجوڑ کی تحصیل خار کے علاقے شیخ کلے میں دریا میں صنعتی فضلہ پھینکنے پر 13 ماربل فیکٹریوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کر دیا گیا ہے۔

یہ اقدام وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی کھلی کچہری کے ایجنڈے اور مقامی آبادی کی شکایات کی روشنی میں اٹھایا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق ڈپٹی کمشنر باجوڑ کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر خار کی نگرانی میں تحصیلدار خار حبیب الرحمٰن نے متعلقہ فیکٹریوں کا اچانک معائنہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں :‌محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا نے نگران دور میں بھرتیوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی

دورانِ معائنہ یہ بات سامنے آئی کہ فیکٹریاں ماربل کا فضلہ بلا روک ٹوک دریا میں خارج کر رہی تھیں، جس سے پانی آلودہ ہو رہا تھا اور انسانی صحت کو شدید خطرات لاحق تھے۔

انتظامیہ نے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر موقع پر ہی 13 ماربل فیکٹریوں کو قانون کے مطابق سیل کر دیا۔

اس کے ساتھ ساتھ فیکٹری مالکان کو اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر خار کے دفتر طلب کر کے ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ ماحولیاتی قوانین کی پامالی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ایسے اقدامات آئندہ بھی بلا امتیاز جاری رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں